ٹیکساس: بارش کے بعد تباہ کن سیلاب، 5 افراد جاں بحق

ٹیکساس(ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں شدید بارش کے بعد آنے والے سیلاب میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق جبکہ دو لاپتہ ہو گئے ہیں۔

امریکی خبررساں ادارے این بی سی کے مطابق، واقعہ صبح پانچ بجے نارتھ ایسٹ لوپ 410 اور پیرن بیٹل کے قریب پیش آیا، جہاں امدادی ٹیموں نے کئی افراد کو درختوں سے لٹکا ہوا پایا۔  پولیس کے مطابق چار لاشیں مختلف مقامات سے برآمد ہوئیں، جبکہ پانچویں لاش ریسکیو کتوں کی مدد سے پانی کے بہاؤ میں مزید آگے سے ملی۔ فائر حکام کے مطابق اب تک 10 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جب کہ دو افراد خود نکل کر محفوظ مقام تک پہنچے۔ پولیس نے واقعے کو "جان لیوا سیلابی حادثہ” قرار دیا ہے، لیکن عوام کو تاکید کی گئی ہے کہ اگر کوئی شخص جائے وقوعہ سے نکلا ہے تو وہ اپنی خیریت کی اطلاع ضرور دے۔ سیلابی پانی نے پندرہ گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔ ایک متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ان کے شوہر سیلابی پانی میں پھنس گئے تھے اور انہوں نے فون پر مدد کی درخواست کی تھی جس کے بعد رابطہ منقطع ہو گیا۔ خاتون نے دعویٰ کیا کہ ڈوبی ہوئی گاڑی ان کے شوہر کی ہی تھی۔ ریسکیو آپریشن میں فائر ڈیپارٹمنٹ، پولیس، ٹیکساس گیم وارڈنز اور سرچ ڈاگز شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ساحلی علاقوں میں رات 8 بجے تک فلڈ واچ جاری رکھتے ہوئے مزید بارش اور خطرناک بہاؤ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

This post was originally published on VOSA.