امریکا: ڈاکٹر بالتیان کو میڈیکیئر فراڈ کے الزام میں 54 ماہ قید کی سزا

کیلیفورنیا(ویب ڈسک) امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر لِلیت بالتیان کو میڈیکیئر فراڈ کے الزام میں 54 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ 

محکمہ انصاف کے مطابق، 61 سالہ ڈاکٹر لِلیت گاگیکونا بالتیان نے 2012 سے 2018 کے دوران لاس اینجلس کی کم از کم چار ہوم ہیلتھ ایجنسیز کے لیے جھوٹے میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کیے۔ ان سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر ایجنسیز نے میڈیکیئر سے جعلی بل وصول کیے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمہ نے بعض صورتوں میں خالی اور غیر مؤرخہ سرٹیفکیٹس پر دستخط کیے، جنہیں بعد میں فرضی مریضوں کے نام مکمل کیا گیا۔ بالتیان نے ان جھوٹے ریفرلز کے عوض نقد رقم بھی وصول کی اور الگ سے جعلی سرٹیفکیٹس پر دستخط کے لیے میڈیکیئر سے ادائیگیاں بھی حاصل کیں۔ حکام کے مطابق، فراڈ سے وفاقی حکومت کو 14 لاکھ 97 ہزار ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ ڈاکٹر بالتیان نے نومبر 2024 میں صحت کی دیکھ بھال میں دھوکہ دہی کے الزام کا اعتراف کیا تھا۔ عدالت نے انہیں قید کے ساتھ ساتھ ایک کروڑ 49 لاکھ 71 ہزار 596 روپے سے زائد رقم بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔ کیس کی تفتیش ایف بی آئی اور محکمہ صحت کے انسپکٹر جنرل آفس نے مشترکہ طور پر کی۔ یہ مقدمہ محکمہ انصاف کے ہیلتھ کیئر فراڈ اسٹرائیک فورس پروگرام کے تحت دائر کیا گیا، جس کے تحت ملک بھر میں اب تک 5,800 سے زائد افراد کو صحت کے شعبے میں فراڈ کے الزامات میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

This post was originally published on VOSA.