
ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل نے ایرانی وزارتِ خارجہ کی عمارت پر جان بوجھ کر حملہ کیا ہے جس میں کئی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے ایک بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ تہران میں وزارت خارجہ کی اُس عمارت پر کیا گیا جو انسٹی ٹیوٹ برائے سیاسی و بین الاقوامی امور کے سامنے واقع ہے۔ خطیب زادہ کے مطابق حملے میں کئی شہری زخمی ہوئے، جن میں ان کے بعض ساتھی بھی شامل ہیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے اسرائیلی کارروائی کو ایک "واضح جنگی جرم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ایران کے خلاف اسرائیل کے مسلسل جارحانہ اقدامات کا حصہ ہے۔ وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک حملے کی ویڈیو جاری کی اور ساتھ لکھا کہ صہیونی حکومت نے ایران کی وزارت خارجہ کی ایک عمارت پر ایک منصوبہ بند اور سفاکانہ حملہ کیا ہے جو انسٹیٹیوٹ فار پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے بالکل سامنے واقع ہے۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ نے بتایا کہ یہ ویڈیو انسٹیٹیوٹ کی لائبریری کی ہے جسے اس بزدلانہ حملے میں براہ راست نشانہ بنایا گیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمارت کی کھڑکیاں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں اور فرش پر ملبہ بکھرا ہوا ہے۔ ایرانی وزارت صحت کے مطابق جمعہ سے اسرائیلی حملوں میں اب تک 224 افراد شہید ہوئے ہیں جن میں 90 فیصد عام شہری ہیں۔
This post was originally published on VOSA.