
امریکی ریاست ٹیکساس اور الاباما سے تعلق رکھنے والے دو شہریوں کو امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی، غیر قانونی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، 56 سالہ خوان کارلوس کیرو پیڈرون اور 51 سالہ تھامس مائیکل فورٹن بیری پر الزام ہے کہ انہوں نے وینزویلا کی ریاستی ملکیتی کمپنیوں کو کروڑوں ڈالر مالیت کا صنعتی سامان اور خدمات فراہم کیں۔ وفاقی شکایت کے مطابق دونوں ملزمان نے امریکی اور غیر ملکی فرنٹ کمپنیوں کے ذریعے اس سامان کی ترسیل کو چھپانے کی کوشش کی، جن میں کیمیائی کیٹیلسٹس، صنعتی آلات اور تکنیکی خدمات شامل تھیں۔ یہ سامان امریکی پابندیوں کی زد میں آنے والی وینزویلا کی اسٹیل کمپنی *COMSIGUA* کو بھیجا گیا۔ کچھ سامان چین سے براہ راست وینزویلا اور بعض مواقع پر امریکا سے بھی روانہ کیا گیا۔ حکام کے مطابق، ملزمان نے امریکا، اسپین اور چین کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے لاکھوں ڈالر منتقل کیے تاکہ لین دین کی نوعیت اور اصل فریقین کو پوشیدہ رکھا جا سکے۔ اگر عدالت نے جرم ثابت کیا تو دونوں ملزمان کو 20 سال تک قید کی سزا پابندیوں اور منی لانڈرنگ کے الزامات پر اور 10 سال قید اسمگلنگ کے جرم میں سنائی جا سکتی ہے۔ کیس کی تحقیقات ہوم لینڈ سیکیورٹی اور ڈیفنس کرمنل انویسٹیگیٹو سروس کر رہی ہے۔ وفاقی استغاثہ نے واضح کیا ہے کہ گرفتار افراد پر عائد الزامات صرف شکایت کی بنیاد پر ہیں اور انہیں عدالت میں جرم ثابت ہونے تک بے گناہ تصور کیا جائے گا۔
This post was originally published on VOSA.