نیویارک میئر کا 1,100 نئے رہائشی یونٹس کی تعمیر کا اعلان

نیویارک(وب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کونی آئی لینڈ میں تقریباً 1,100 نئے رہائشی یونٹس کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کیا ہے، جن میں سے 720 سے زائد یونٹس کم آمدنی والے افراد اور بے گھر افراد کے لیے مختص ہوں گے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، اس منصوبے میں کونی آئی لینڈ فیز III، کونی لینڈنگ اور سرف ایونیو پر ایک نئی ہاؤسنگ اسکیم شامل ہے۔ شہر کی جانب سے 90 ملین ڈالر سے زائد کی سبسڈی اور 116 ملین ڈالر کے تعمیراتی قرض کی فراہمی بھی کی جا رہی ہے۔ ایڈمز نے کہا فیز III کے تحت 420 سستے رہائشی یونٹس، 10,700 مربع فٹ کمرشل اسپیس اور 9,700 مربع فٹ کمیونٹی اسپیس تعمیر کی جائے گی، جبکہ قریبی کونی لینڈنگ منصوبے میں 178 یونٹس شامل ہوں گے، جن میں 108 یونٹس خصوصی طور پر بے گھر افراد کے لیے ہوں گے۔ میئر نے کہا اس منصوبے کے لیے 40 ملین ڈالر سے زائد کی مالی معاونت کی جائے گی، اور مزید 500 مکانات سرف ایونیو پر تیار کیے جائیں گے، جن میں سے 25 فیصد کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے مختص ہوں گے۔ یہ تمام منصوبے "سٹی آف یس فار فیملیز” مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد 2032 تک 500,000 نئے مکانات تعمیر کرنا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق کونی آئی لینڈ میں اس وقت نئے انفراسٹرکچر جیسے سڑکیں، سیوریج لائنز، اور 42 ملین ڈالر کی لاگت سے ابی اسٹارک اسپورٹس سینٹر کی تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے۔ میئر ایڈمز نے کہا ہے کہ بروکلین میں یہ ترقیاتی منصوبے شہر بھر میں جاری ہاؤسنگ اقدامات کا تسلسل ہیں، اور ان سے نہ صرف رہائش کے مواقع بڑھیں گے بلکہ معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ شہر میں اب تک 3,400 سے زائد نئے گھر تعمیر ہو چکے ہیں اور ہاؤسنگ ریفارمز اور سرمایہ کاری کا یہ سلسلہ دیگر بورو میں بھی جاری رہے گا۔

This post was originally published on VOSA.