امریکا: ڈینٹل کلینک کے مالک کو ٹیکس چوری کے الزام میں 41 ماہ قید

کولوراڈو(وب ڈیسک) امریکی ریاست کولوراڈو میں قائم ڈینٹل کلینک کے مالک رائن یولیباری کو غیر قانونی ٹیکس شیلٹر کے ذریعے ٹیکس چوری کے الزام میں 41 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت میں پیش کیے گئے شواہد کے مطابق، یولیباری نے 2016 میں ایک 50 ہزار ڈالر مالیت کا فراڈ پر مبنی ٹرسٹ سسٹم خریدا، جس کے تحت اس نے جعلی بزنس ٹرسٹ، فیملی ٹرسٹ، چیریٹیبل ٹرسٹ اور ایک نجی فاؤنڈیشن قائم کی جن کا مکمل کنٹرول اسی کے پاس تھا۔ یولیباری نے 2016 سے 2023 کے دوران اپنی ڈینٹل پریکٹس کی 50 لاکھ ڈالر سے زائد آمدنی ان جعلی اداروں کے اکاؤنٹس میں منتقل کر کے یہ تاثر دیا کہ یہ آمدنی اس کی نہیں بلکہ ان ٹرسٹوں کی ہے۔ لیکن وہ خود ان رقوم کو کنٹرول کرتا رہا اور انہیں ذاتی اخراجات بشمول گھر کی اقساط، کریڈٹ کارڈ بل، کشتیوں کی خریداری اور پروفیشنل بیس بال کے سیزن ٹکٹس پر خرچ کرتا رہا۔ اس دوران یولیباری نے خود اپنے کلینک اور ٹرسٹوں کے نام پر جھوٹے ٹیکس ریکارڈ جمع کروائے جن میں جعلی اخراجات اور عطیات کو ظاہر کیا گیا۔ حکام کے مطابق، اس ٹیکس چوری سے وفاقی اور ریاستی حکومتوں کو مجموعی طور پر 1.6 ملین ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔ یولیباری کو تین سال کی نگرانی میں رہائی، 1,449,121 ڈالر انٹرنل ریونیو سروس (IRS) کو اور 166,966 ڈالر کولوراڈو ڈیپارٹمنٹ آف ریونیو کو بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ کیس کی تفتیش آئی آر ایس کرمنل انویسٹیگیشن نے کی جبکہ محکمہ انصاف کے ٹیکس ڈویژن کے وکلا نے مقدمہ چلایا۔

This post was originally published on VOSA.