
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے سابق کانگریس مین چارلس بی رینگل کو بعد از وفات شہر کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز "کی ٹو دی سٹی” سے نواز دیا۔
یہ اعزاز گریسی مینشن میں منعقدہ جونٹینتھ کی تقریب کے دوران ان کی عوامی خدمات کے اعتراف میں ان کے اہل خانہ کو پیش کیا گیا۔ "کی ٹو دی سٹی” نیویارک سٹی کا ایک تاریخی اور اعزازی نشان ہے جو صرف ان شخصیات کو دیا جاتا ہے جن کی خدمات عوامی فلاح و بہبود کے بلند ترین معیار پر پورا اترتی ہوں۔ رینگل 26 مئی کو 94 برس کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ رینگل کی زندگی حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے نہ صرف کوریا کی جنگ میں اپنی جان کا خطرہ مول لے کر ملک کی خدمت کی بلکہ نصف صدی سے زائد عرصے تک کانگریس میں رہ کر نیویارک کے عوام کے لیے رہائش، صحت، تعلیم، اور معاشی اصلاحات جیسے اہم شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔ میئر نے کہا یہ اعزاز سابق کانگریس مین کی یاد میں منعقدہ کئی تقریبات کے سلسلے کی ایک کڑی تھا، جن میں سٹی ہال میں عوامی دیدار اور آنر گارڈ کی تقریب بھی شامل تھی۔ رینگل 1970 میں کانگریس کے رکن منتخب ہوئے تھے اور 46 سالہ تاریخی دور میں انہوں نے افریقی نژاد امریکیوں کے حقوق کے لیے مؤثر قانون سازی کی۔ وہ کانگریشنل بلیک کاکس کے بانی اراکین میں شامل تھے اور ہاؤس ویز اینڈ مینز کمیٹی کی قیادت کرنے والے پہلے سیاہ فام رکن بنے۔ تقریب میں شرکت کرنے والوں نے رینگل کے جنگی اعزازات، قانونی کیریئر اور ان کی کمیونٹی سے وابستگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس سے قبل نیویارک شہر میں ان کی یاد میں کئی تقریبات، بشمول سٹی ہال میں پبلک ویوئنگ اور آنر گارڈ سروس، منعقد ہو چکی ہیں۔
This post was originally published on VOSA.