شکاگو: لیبارٹری کے مالک کو کورونا ٹیسٹنگ فراڈ پر 7 سال قید

شکاگو(ویب ڈیسک) امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو میں قائم ایک لیبارٹری کے مالک زیشان علوی کو کووِڈ-19 ٹیسٹنگ فراڈ میں ملوث ہونے پر سات سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، 46 سالہ زیشان علوی نے 2021 اور 2022 کے دوران جعلی کووِڈ ٹیسٹ رپورٹس تیار کرکے امریکی محکمہ صحت سے کروڑوں ڈالر کا دھوکہ کیا ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق، ملزم نے کئی نمونوں کے ٹیسٹ کیے بغیر یا انہیں پانی سے ملا کر جعلی منفی رپورٹس جاری کیں۔ اس جعلسازی کے باوجود علوی کی لیبارٹری نے امریکی ہیلتھ ریسورسز اینڈ سروسز ایڈمنسٹریشن (HRSA) سے ان جعلی ٹیسٹوں کے عوض ادائیگیاں وصول کیں، جن کی مجموعی مالیت 1 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے زائد رہی۔ علوی نے ستمبر 2024 میں وائر فراڈ کے الزام کو تسلیم کیا۔ عدالت نے ملزم کو 1 کروڑ 41 لاکھ 99 ہزار 217 ڈالر کی رقم واپس کرنے، 68 لاکھ ڈالر نقد، ایک 2021 ماڈل رینج روور، اور ای ٹریڈ اکاؤنٹ سے 6 لاکھ 30 ہزار ڈالر ضبط کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔ کیس کی تحقیقات ایف بی آئی اور محکمہ صحت کے انسپکٹر جنرل کے دفتر نے مشترکہ طور پر کیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی ملک گیر سطح پر صحت کے شعبے میں مالی بدعنوانی کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے، جس کے تحت اب تک 30 ارب ڈالر سے زائد کے ہیلتھ کیئر فراڈ کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔

This post was originally published on VOSA.