ایڈمز کا “انوویٹو اربن ولیج” منصوبے کا افتتاح

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے ایسٹ نیویارک اور بروکلین میں "انوویٹو اربن ولیج” منصوبے کے فیز 1B کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، جس کے تحت 450 سے زائد نئے کم آمدنی والے رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، اس مرحلے میں 15 فیصد فلیٹس بے گھر افراد کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ منصوبے پر مجموعی طور پر تقریباً 313 ملین ڈالر لاگت آئے گی، جس میں شہر کی جانب سے 260 ملین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا منصوبے کے تحت بچوں کی نگہداشت کے لیے 12,600 مربع فٹ جگہ، 10,250 مربع فٹ پر محیط کمرشل ایریا اور 9,500 مربع فٹ کا نیا کھیل کا میدان بھی تعمیر کیا جائے گا۔ یہ تمام اقدامات "سٹی آف یَیس فار فیملیز” پروگرام کا حصہ ہیں، جس کا ہدف 2032 تک نیویارک سٹی میں 500,000 نئے گھروں کی تعمیر ہے۔ ایڈمز کے مطابق فیز 1B میں رہائشی یونٹس کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جب کہ 68 اپارٹمنٹس خصوصی طور پر بے گھر افراد کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں۔ ان اپارٹمنٹس کو جدید سہولیات اور کمیونٹی اسپیس کے ساتھ تیار کیا جائے گا تاکہ رہائشیوں کو معیاری طرزِ زندگی میسر آ سکے۔ میئر نے کہا ریاستی و مقامی نمائندوں نے اس منصوبے کو ایسٹ نیویارک جیسے پسماندہ علاقوں کے لیے ایک مثبت اور انقلابی پیش رفت قرار دیا ہے، جس سے ترقی کے ثمرات مقامی افراد تک براہ راست پہنچیں گے۔ مکمل اربن ولیج منصوبے میں 2,000 سے زائد رہائشی یونٹس، کمیونٹی خدمات، ایک آرٹس سینٹر اور ہمہ وقت بچوں کی نگہداشت کی سہولیات شامل ہوں گی۔