پاکستانی نرسز کی امریکا میں ملازمت کےلیے بیت المال معاونت کرے گا

پاکستان  بیت المال  کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر  کیپٹن شاہین خالد بٹ نے اے پی پیک کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ تربیت  یافتہ نرسز کی امریکا منتقلی کے لیے مطلوبہ امتحان  میں شرکت کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔

امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کے چیئر مین  ڈاکٹر اعجاز احمد کی لانگ آئی لینڈ میں رہائش گاہ  پر پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن شاہین خالد  بٹ  کے ساتھ ایک اہم  نشست کا اہتمام ہوا  جس میں امریکی  سیاست  میں   پاکستانیوں کی شمولیت اور امریکا میں نرسزکی کمی سے پاکستانی کیسے  فائدہ اٹھاسکتے ہیں سمیت مختلف  امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئر مین  اے پیک ڈاکٹر اعجاز احمد  نے  توجہ دلاتے  ہوئے کہا کہ پاکستان  میں نرسز کو تربیت  کرانے کے لیے بہت سے  ادارے تیار ہیں، اصل مسئلہ امتحان میں شرکت کے لیے فیس کی ادائیگی کا  ہےاگر بیت المال اس میں معاون کرے تو  پاکستانی نرسز  کے لیے امریکا آنا آسان  ہوجائے گا۔

 ملاقات میں اے پی پیک   کےمرکزی صدر ڈاکٹر پرویز اقبال، نیویارک چیپٹر کے  صدر طارق خان،  بورڈ ممبر اسد چودھری سمیت دیگر ممبران بھی شریک تھے۔ ڈاکٹر پرویز اقبال  کا کہنا تھا کہ  ہمارے  بہت سے پارٹنرز نرسز کے تمام اخراجات برداشت کرنے کو تیار ہیں  لیکن ہم چاہتے ہیں کہ حکومتی ادارے بھی اپنا حصہ ڈالیں تو زیادہ بہتر نتائج برآمد ہوں گے۔

اس  موقع پر بیت المال  کے منیجنگ ڈائریکٹر سینیٹر کیپٹن شاہین خالد  بٹ نے کہا  کہ پاکستان  میں بلا تفریق خدمتِ خلق کرنے والوں کی کوئی کمی نہیں، بیت الما  ل  تعلیم ، صحت سمیت یتیموں کی کفالت  اور کئی دیگر شعبوں  میں آگے بڑھ کر کام کر رہا ہے، امریکا میں پا کستانی نرسز کی ملازمت کے لیے بھی ہر ممکن تعاون کریں گے ۔

قبل ازیں صدر نیویارک چیپٹر طارق  خان اور  بورڈ ممبر اسد چودھری نے  اے پی پیک کے قیام کے اغراض و مقاصد اور امریکی سیاست میں پاکستانیوں کی شمیولت کے فروغ  کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ اے پی پیک کی قیادت نے واضح کیا کہ ان کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں،  وہ یہ چاہتے ہیں کہ امریکا میں  مقیم  پاکستانی  یہاں کی مقامی سیاست میں شریک ہوں اوراپنے ووٹ کی طاقت کو استعمال کریں ۔

This post was originally published on VOSA.