کوئنز میں جرائم کی شرح میں 28 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے انکشاف کیا ہے کہ روزویلٹ ایونیو اور کوئنز میں جنوری 2025 سے جون کے وسط تک جرائم کی شرح میں 28 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، یہ کمی نو ماہ سے جاری کثیر ادارہ جاتی کارروائی "آپریشن ریسٹور روزویلٹ” کے نتیجے میں ممکن ہوئی، جس کا مقصد علاقے میں طویل عرصے سے جاری غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کو یقینی بنانا تھا۔ یہ کارروائی میئر ایڈمز کی "کمیونٹی لنک” مہم کا حصہ ہے، جس میں غیر قانونی جسم فروشی، جعلی ہاسٹل، بغیر اجازت فروش، غیر قانونی فوڈ کارٹس، چوری، جعلی سامان کی فروخت اور دیگر سماجی جرائم کے خلاف ہدفی اقدامات کیے گئے۔ پولیس اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ڈکیتی، حملوں، چوری اور جنسی جرائم میں دو ہندسے کمی دیکھی گئی ہے۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی کمشنر جیسیکا ٹش نے بتایا کہ روزویلٹ ایونیو پر مسلسل کارروائیوں کے باعث امن قائم ہوا اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث گروہوں کو پیچھے دھکیل دیا گیا۔ انہوں نے بتایا اس کارروائی کے دوران 2,501 گرفتاریاں ہوئیں جن میں 397 کا تعلق جسم فروشی سے تھا، 27,000 سے زائد چالان جاری کیے گئے، 648 غیر قانونی گاڑیاں ضبط کی گئیں، اور 303 عمارتوں کی تفتیش کی گئی جن میں سے 18 کو خالی کروانے کے احکامات جاری ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چوری کی معمولی شکایات میں 28 فیصد، جب کہ جنسی جرائم میں 52 فیصد کمی آئی ہے۔ دوسری جانب غیر قانونی جسم فروشی کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں گرفتاریوں میں 478 فیصد اضافہ ہوا، جو اس بات کی علامت ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ان سرگرمیوں کو روکنے میں سنجیدہ ہیں۔ "آپریشن ریسٹور روزویلٹ” نے مقامی کاروباری افراد اور رہائشیوں کی زندگیوں میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔ شہر کی جانب سے صفائی، روشنیاں بہتر بنانے، ٹریفک کے بہاؤ کو منظم کرنے اور بے گھر افراد کو سہولیات فراہم کرنے جیسے اقدامات بھی اس مہم کا حصہ ہیں۔ یہ مہم میئر ایڈمز کی پبلک سیفٹی ترجیحات کا تسلسل ہے، جن کے تحت 2025 کے آغاز سے اب تک نیویارک سٹی میں جرائم کی مجموعی شرح میں 6.3 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ فائرنگ اور قتل کے واقعات کی تعداد تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔

This post was originally published on VOSA.