ایڈمز کا سمر پلان، 27 جون سے آؤٹ ڈور پولز فعال

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور محکمہ پارکس و تفریح کی کمشنر آئرس روڈریگز روسا نے "وی آؤٹ سائیڈ سمر” مہم کے تحت شہر بھر کے عوامی آؤٹ ڈور پولز 27 جون سے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، اس موقع پر سینٹرل پارک کے ڈیوس سینٹر میں تعمیر کیے گئے شہر کے جدید ترین آؤٹ ڈور پول "گوٹس مین پول” کا افتتاح بھی کیا گیا، جو ہارلم کی کمیونٹی کے لیے ایک اہم سہولت ہے۔ میئر ایڈمز نے بتایا کہ شہر میں اس وقت 680 لائف گارڈز دستیاب ہیں، جو گزشتہ سال کی نسبت تقریباً 10 فیصد زیادہ ہیں۔ یہ تعداد جولائی کے وسط تک مزید بڑھنے کی توقع ہے۔ ساتھ ہی بالغ افراد کے لیے لیپ سوئم پروگرام کی بحالی اور "لرن ٹو سوئم” مفت تربیتی کلاسز کا دائرہ 10 آؤٹ ڈور پولز تک بڑھا دیا گیا ہے، جن میں گوٹس مین پول پر نیا پروگرام بھی شامل ہے۔ سٹی حکام کے مطابق، 160 ملین ڈالر کی لاگت سے تیار کیا گیا گوٹس مین پول اولمپک سائز سے بھی بڑا ہے اور سردیوں میں آئس رنک جبکہ بہار و خزاں میں ملٹی یوز ٹرف فیلڈ میں تبدیل ہو جائے گا۔ اس سہولت کو سارا سال استعمال کیا جا سکے گا۔ ایڈمز نے کہا پولز روزانہ صبح 11 بجے سے شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ سہ پہر 3 بجے سے 4 بجے تک صفائی کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ شہری NYC Parks کی ویب سائٹ اور "Cool It! NYC” میپ کے ذریعے قریبی پولز اور دیگر کولنگ سہولیات سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

This post was originally published on VOSA.