
محرم الحرام کی آمد کے ساتھ مجالس ِ عزا اور جلوس کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں ماتمی جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ مقام پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔
محرم الحرام میں شہدائے کربلا کی یاد منانے اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جعفریہ ایسو سی ایشن آف نارتھ امریکا کے زیر اہتمام نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں پارک ایونیو سے ماتمی جلو س بر آمد ہوا۔
جلوس میں عزاداروں کی کثیر تعداد شریک ہوئی جس میں نوجوان، مرد و خواتین بوڑھے بچے سب ہی شامل تھے۔شہدائے کربلا سے منسوب شبیہ علم ، ذولجناح اور دیگر زیارات بھی برآمد ہوئیں۔ اس موقع پر انگریزی زبان میں بھی نوحہ پڑھا گیا۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ واقعہ کربلا نواسہِ رسول حضرت امام حسین اور ان کے انصار کی دین ِ اسلام کی سر بلندی کی خاطر باطل کے خلاف مزاحمت کو رہتی دنیا تک یاد دلاتا رہے گا۔ عزادار جلوس کے تمام راستے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے رہے۔ جلوس کے شرکاء کے لیے سبیل اور تبرک کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ بعد ازاں جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا میڈیسن ایونیو پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔
This post was originally published on VOSA.