فلوریڈا کے رہائشی کو میڈی کیئر فراڈ پر 12 سال قید کی سزا

فلوریڈا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا کے رہائشی پیٹر روسونی کولوس کو عدالت نے میڈی کیئر سے دھوکہ دہی کے الزام میں 12 سال قید اور 3 سال نگرانی میں رہائی کی سزا سنائی ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، 64 سالہ پیٹر روسونی کولوس نے پانچ ڈیوریبل میڈیکل ایکوئپمنٹ (DME) کمپنیوں کی ملکیت خفیہ طور پر سنبھال ہوئی تھی کیونکہ مجرمانہ ریکارڈ کے باعث وہ میڈی کیئر پروگرام میں اندراج کے اہل نہیں تھے۔ اس نے کاغذی مالکان کی مدد سے جعلسازی کی، جعلی دستاویزات جمع کروائیں اور رشوت کے ذریعے مریضوں کی معلومات حاصل کیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ روسونی کولوس اور اس کے ساتھیوں نے تقریباً 6 کروڑ 15 لاکھ ڈالر کے جھوٹے دعوے جمع کروائے، جن میں سے 2 کروڑ 67 لاکھ ڈالر کی رقم وصول کی گئی۔ ان دعوؤں میں غیر ضروری طبی سامان شامل تھا جس کی ادائیگی کا کوئی جواز نہیں تھا۔ کولوس کو عدالت نے 3 سالہ نگرانی، 2 کروڑ 11 لاکھ 95 ہزار 540 ڈالر بطور ہرجانہ ادا کرنے اور 25 لاکھ 14 ہزار 40 ڈالر ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ مقدمے کی تفتیش انٹرنل ریونیو سروس (IRS) کریمنل انویسٹیگیشن نے کی۔ محکمہ انصاف، ایف بی آئی اور محکمہ صحت کے انسپکٹر جنرل کے مطابق یہ کارروائی ہیلتھ کیئر فراڈ کے خلاف وسیع تر مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد وفاقی صحت پروگرامز کا تحفظ اور بدعنوان عناصر کا احتساب ہے۔

This post was originally published on VOSA.