نیویارک: پبلک اسکول طلبا کی ریڈنگ اور میتھ میں نمایاں کارکردگی

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور اسکول چانسلر میلیسا اویلیس راموس نے تعلیمی سال 2024-25 کے دوران پبلک اسکول طلبا کی ریڈنگ اور میتھ میں حاصل ہونے والی نمایاں کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

اسکول چانسلر میلیسا اویلیس راموس نے بیان میں کہا کہ NYC Reads اور NYC Solves پروگرامز کے تحت ابتدائی جماعتوں میں سائنسی بنیادوں پر مبنی تدریس کے مثبت اثرات نمایاں طور پر سامنے آئے ہیں۔ کنڈرگارٹن سے پانچویں جماعت تک کے طلبا کے ریڈنگ اسکور میں اوسطاً 2.5 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جن میں کنڈرگارٹن تا دوسری جماعت میں 3.2 پوائنٹس اور تیسری تا پانچویں جماعت میں 1.7 پوائنٹس کا اضافہ شامل ہے۔ ابتدائی ریاضی کے نتائج کے مطابق ان جماعتوں کے وہ طلبا جو قومی اوسط سے بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں، ان کی شرح میں 3.2 پوائنٹس کی بہتری دیکھی گئی۔ میئر ایڈمز کے مطابق، ریڈنگ اور میتھ دونوں شعبوں میں بہتری تمام طلبا میں یکساں رہی۔ ایشیائی طلبا نے ریڈنگ میں 1.6 پوائنٹس جبکہ سیاہ فام، ہسپانوی اور سفید فام طلبا نے اوسطاً 2.6 پوائنٹس کا اضافہ کیا۔ میتھ کے شعبے میں ایشیائی طلبا کے اسکور میں 2.3 پوائنٹس، سیاہ فام میں 3.1، ہسپانوی میں 3.4 اور سفید فام طلبا میں 3.5 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایڈمز کا کہنا ہے کہ تعلیمی کامیابیوں کے پیش نظر سٹی ایڈمنسٹریشن نے NYC Reads اور NYC Solves پروگرامز کو آئندہ تعلیمی سال 2025-26 کے دوران مزید 186 اسکولوں اور 14 اضلاع تک توسیع دینے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد یہ پروگرامز مجموعی طور پر 4,90,000 سے زائد طلبا تک پہنچیں گے۔ اس اقدام کا مقصد شہر بھر کے طلبا کو معیاری تعلیم اور بہتر تعلیمی مستقبل فراہم کرنا ہے۔

This post was originally published on VOSA.