ایڈمز کا PS 154 میں 2025 سمر رائزنگ سیزن کا افتتاح

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور پبلک اسکول چانسلر میلیسا ایویلس راموس نے PS 154 ہیریئٹ ٹب مین اسکول میں 2025 سمر رائزنگ سیزن کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، اس موقع پر شہر بھر میں بچوں کو مفت ناشتہ اور دوپہر کا کھانا فراہم کرنے والے سمر میلز پروگرام کا بھی آغاز کیا گیا ہے۔ سمر رائزنگ پروگرام اس سال 1 لاکھ 10 ہزار طلبہ کو تعلیمی معاونت، سماجی و جذباتی تربیت اور تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ مکمل دن کی مفت سہولت فراہم کرے گا۔ محکمہ یوتھ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے کمشنر کیتھ ہاورڈ کا کہنا ہے کہ پروگرام کے تحت پیر سے جمعہ تک جاری رہنے والی یہ سرگرمیاں کنڈرگارٹن سے آٹھویں جماعت تک کے ان طلبہ کے لیے دستیاب ہوں گی جو نیویارک سٹی کے سرکاری اسکولوں میں زیرتعلیم ہیں۔ پروگرام کا مقصد سمر ویکیشن کے دوران تعلیمی تسلسل برقرار رکھنا، طلبہ کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور والدین کے لیے معیاری دیکھ بھال کو یقینی بنانا ہے۔ ساتھ ہی سمر میلز پروگرام کے تحت شہر کے پانچوں بورو میں 300 سے زائد مقامات پر 18 سال یا اس سے کم عمر افراد کو بغیر کسی رجسٹریشن کے مفت کھانا فراہم کیا جائے گا۔ ان اقدامات کو ایڈمز انتظامیہ کی جانب سے تعلیم، خوراک اور تفریح کے یکساں مواقع کی فراہمی کی حکمت عملی کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔ ایڈمز کے مطابق، گزشتہ پانچ سال کے تجربات سے ظاہر ہوا کہ سمر رائزنگ نے خاص طور پر عارضی رہائش اور خصوصی ضروریات والے طلبہ کی تعلیمی بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔ اس سال پروگرام میں تفریحی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی گئی ہے تاکہ طلبہ کا تعلیمی تجربہ دلچسپ اور مؤثر ہو۔

This post was originally published on VOSA.