نیویارک میں شدید گرمی کی لہر، ایڈمز کا وارننگ الرٹ جاری

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے شہر بھر میں متوقع شدید گرمی، نمی اور فلیش فلڈز سے متعلق الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نیشنل ویدر سروس کے مطابق، منگل سے جمعہ کے دوران شہر میں ہیٹ انڈیکس 95 سے 100 ڈگری فارن ہائیٹ تک پہنچنے کا امکان ہے، اور ہیٹ ایڈوائزری جاری کی جا سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے فلڈ وارننگ بھی جاری کر دی ہے، جس میں شہر میں شدید بارش اور ممکنہ فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شہر کی ایجنسیاں صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کے لیے تیار ہیں۔ میئر ایڈمز نے کہا ہے کہ شہر بھر میں کولنگ سینٹرز کھول دیے گئے ہیں تاکہ شہری محفوظ اور ٹھنڈی جگہوں پر وقت گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کے دنوں میں پانی زیادہ پئیں، دوپہر کے وقت غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، اور توانائی کی بچت کو یقینی بنائیں تاکہ بجلی کا نظام متاثر نہ ہو۔ نیویارک سٹی ایمرجنسی مینجمنٹ کمشنر زیکری اِسکول کے مطابق، شہر میں نہ صرف کولنگ سینٹرز دستیاب ہیں بلکہ لائبریریاں، مالز، میوزیم اور دیگر عوامی مقامات بھی ٹھنڈی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بزرگوں، بیماروں اور خاص طور پر ایئر کنڈیشنر سے محروم افراد کا خیال رکھیں۔ انتظامیہ نے شہریوں کو پالتو جانوروں کے تحفظ، سڑکوں پر کھلے ہائیڈرینٹس کے درست استعمال، اور توانائی کی بچت سے متعلق بھی آگاہی فراہم کی ہے۔ ساتھ ہی، پانی کے فوارے، اسپرے شاورز اور شہر کے آؤٹ ڈور پولز بھی شہریوں کے لیے دستیاب ہیں۔ گرمی کے باعث بے گھر افراد کی مدد کے لیے ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لیس سروسز نے شہر بھر میں اپنے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر وہ کسی بے گھر شخص کو خطرے میں دیکھیں تو فوری طور پر 311 پر اطلاع دیں۔ ایڈمز نے کہا ہیٹ ایمرجنسی پلان کے تحت شہر بھر میں صحت، بجلی، پبلک سیفٹی اور دیگر ادارے مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

This post was originally published on VOSA.