ایڈمز کا ذہنی صحت متاثرہ خاندانوں کے لیے رہائشی منصوبے کا افتتاح

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے دیگر حکام کے ساتھ مل کر بروکلین کے کلنٹن ہل میں ذہنی صحت اور منشیات سے متاثرہ والدین اور بچوں کے لیے ایک نئے مستقل رہائشی منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، ایمرسن پلیس پر واقع اس منصوبے کے تحت پرانے ایمرسن ڈیوِس فیملی ریزیڈنس کی جگہ ایک نئی 11 منزلہ عمارت تعمیر کی جائے گی، جس میں 103 مکمل طور پر قابلِ استطاعت اپارٹمنٹس ہوں گے۔ محکمہ ہاؤسنگ پریزرویشن اینڈ ڈیولپمنٹ (HPD) کے قائم مقام کمشنر احمد تیگانی کا کہنا ہے کہ منصوبے پر 77 ملین ڈالر لاگت آئے گی جبکہ اس میں 61 یونٹس ذہنی بیماری یا نشے کی لت میں مبتلا والدین اور ان کے بچوں کے لیے مخصوص ہوں گے، اور 41 یونٹس کم آمدنی والے خاندانوں کو دیے جائیں گے۔ ایڈمز نے کہا یہ منصوبہ "پیرنٹنگ ویو” پروگرام کا حصہ ہے جو والدین کو ذہنی صحت کی سہولیات، مستقل رہائش اور بچوں کے ساتھ تعلق کی بحالی میں مدد فراہم کرتا ہے۔ عمارت میں کمیونٹی کچن، بچوں کے کھیلنے کی جگہ، ورک اسپیس اور دیگر سماجی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ منصوبہ نیویارک سٹی اور اسٹیٹ کی مالی معاونت سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ HPD اور دیگر ایجنسیوں کی جانب سے 20 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ TD بینک، نیویارک اسٹیٹ آفس آف مینٹل ہیلتھ اور دیگر شراکت دار ادارے بھی اس میں شامل ہیں۔ ایڈمز کے مطابق نئی عمارت 2027 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ منصوبے کا مقصد ان خاندانوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے جو رہائش، علاج اور والدین کے کردار کی بحالی جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔

This post was originally published on VOSA.