ناساو کاونٹی: لیجسلیٹر امیدوار شہریار علی کی کامیابی کے لیے کمیونٹی پرجوش

نیویارک میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کاروباری و سماجی شخصیت زاہد احسن نے ناساو کاؤنٹی میں لیجسلیٹر کے امیدوار شہریار علی کے اعزاز میں میٹ اینڈ گریٹ کا انعقاد کیا۔

لانگ آئی لینڈ کی ناساو کاونٹی  کے ڈسٹرکٹ 14 سے لیجسلیٹر کے  لیے پہلے پاکستانی نژاد امیدوار شہریار علی کے اعزاز میں کمیونٹی کی معروف کاروباری و سماجی شخصیت زاہد احسن نے  ویلی اسٹریم  میں میٹ اینڈ گریٹ کا انعقاد کیا۔ شہریار علی چار نومبر کو ہونے والے الیکشن میں ری پبلیکن پارٹی کی طرف سے حصہ لیں گے ۔تقریب میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے میزبان زاہد احسن اور دیگر مقررین نے شہریار علی کی سیاسی خدمات اور وژن کو سراہتے  ہوئے کہا کہ شہریار علی کی کامیابی نہ صرف کمیونٹی کے لیے ایک سنگِ میل ہو گی بلکہ سیاسی میدان میں پاکستانی امریکیوں کی مؤثر نمائندگی کی راہ بھی ہموار کرے گی۔

اس موقع پر شہریار علی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری سیاست کا مقصد صرف منتخب ہونا نہیں، بلکہ اپنی کمیونٹی کی آواز کو مضبوطی سے سرکاری ایوانوں تک پہنچانا ہے۔انھوں نے ووٹرز کو یقین دلایا کہ وہ منتخب ہوکر اپنی کمیونٹی کے حقوق ،تعلیم، صحت، اور روزگار اور ٹیکس اصلاحات  لیے بھرپور کام کریں گے۔

مقررین  نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ نومبر میں انہیں ووٹ دے کر پہلا پاکستانی لیجسلیٹر منتخب کریں۔ شرکاء نے یقین دہانی کروائی کہ وہ نومبر کے انتخابات میں بھرپور ووٹ ڈالیں گے اور شہریار علی کو کامیاب بنا کر ناساو کاؤنٹی کا پہلا پاکستانی نژاد لیجسلیٹر منتخب کرائیں گے۔

This post was originally published on VOSA.