
پیٹرسن(ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیوجرسی کے شہر پیٹرسن میں شدید موسم سے شہریوں کو بروقت آگاہ کرنے کے لیے 14 پارکس میں جدید ویدر الرٹ سسٹم نصب کر دیا گیا ہے۔
پیٹرسن سٹی کے میئر آندرے سیع کے مطابق، ویدر الرٹ سسٹم حقیقی وقت میں موسم کی نگرانی، خودکار الرٹس اور متعدد زبانوں میں ہدایات فراہم کرے گا۔ یہ سسٹم خطرناک موسمی حالات جیسے آندھی، بارش اور بجلی گرنے کے امکانات پر سائرن، اسٹروب لائٹس اور پیغامات کے ذریعے خبردار کرے گا۔ پیٹرسن ایمرجنسی مینجمنٹ کے مطابق اگر طوفان 10 میل کی حدود میں ہو تو فیلڈ خالی کروا لی جاتی ہے، اور اگر بجلی مسلسل گر رہی ہو تو 30 منٹ تک دوبارہ داخلے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ 44 ہزار ڈالر لاگت کا یہ منصوبہ ایک سال میں مکمل کیا گیا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق حالیہ مہینوں میں بجلی گرنے کے متعدد حادثات نے اس نظام کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے، جہاں متاثرہ افراد کو بروقت وارننگ نہ ملنے کے باعث جانی نقصان ہوا۔ ویدر الرٹ سسٹم میں آن سائٹ ویدر اسٹیشنز، موبائل ایپ اور ایک یوزر ڈیش بورڈ شامل ہے، جو درجہ حرارت، نمی، ہوا کی رفتار اور دیگر ڈیٹا فراہم کرتا ہے۔ یہ نظام پورے ملک میں اسکولوں، صنعتی اداروں اور بلدیاتی دفاتر میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
This post was originally published on VOSA.