نیویارک: آفٹر اسکول پروگرامز کی توسیع، 40 نئے مراکز کا اعلان

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور محکمہ یوتھ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ (DYCD) کے کمشنر کیتھ ہاورڈ نے 40 نئے آفٹر اسکول مراکز کے قیام کا اعلان کیا ہے، جہاں رواں سال ستمبر سے کنڈرگارٹن تا گریڈ 5 کے طلبہ کے لیے 5,000 نئی نشستیں دستیاب ہوں گی۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، یہ پیش رفت اگلے تین سال کے دوران یونیورسل آفٹر اسکول پروگرام کے ہدف کی جانب ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔ اعلان کردہ مراکز میں 37 نیویارک سٹی پبلک اسکولز اور تین چارٹر اسکولز شامل ہیں جن کا انتخاب مقامی سطح پر معاشی ضروریات اور سروسز کی کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ اس منصوبے کے لیے مالی سال 2026 کے بجٹ میں 21 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جو میئر ایڈمز کے "بچوں اور شہریوں کے لیے بہترین بجٹ” کا حصہ ہے۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ یہ اقدام ان والدین کے لیے بڑی سہولت ہے جو اسکول کے بعد اپنے بچوں کے لیے نگہداشت کے محدود وسائل رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آفٹر اسکول پروگرامز نہ صرف تعلیمی مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں سے جوڑ کر جرائم سے دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ DYCD کمشنر کیتھ ہاورڈ نے اس منصوبے کو اپنی ذاتی زندگی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ان کے بچپن اور والدین کی جدوجہد نے انھیں اس پالیسی کی اہمیت سے آگاہ کیا اور اب وہ چاہتے ہیں کہ نیویارک سٹی کے ہر بچے کو وہی مواقع میسر آئیں۔

This post was originally published on VOSA.