نیویارک :عمارت میں فائرنگ، بنگلہ دیشی نژاد پولیس افسر سمیت چار افراد جاں بحق

امریکی شہر نیویارک کے علاقےمڈ ٹاؤن مین ہیٹن میں ایک بلند و بالا کاروباری عمارت میں اندھا دھند فائرنگ میں بنگلہ دیشی نژاد پولیس افسر دیدار السلام سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا۔ واقعے کے بعد حملہ آور نے خود کو بھی  گولی مار کر خودکشی کر لی۔

فائرنگ کا یہ واقعہ نیویارک شہر کے مڈٹاؤن مین ہٹن میں واقع پارک ایونیو کی ایک 634 فٹ بلند عمارت میں پیش آیا، جہاں نیشنل فٹ بال لیگ اور بلیک اسٹون جیسے اہم اداروں کے دفاتر قائم ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور لمبی رائفل لے کر عمارت کی لابی میں داخل ہوا۔ اس دوران پولیس افسر دیدار الاسلام سے اس کا فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں وہ افسر جاں بحق ہو گیا۔ دیدار الاسلام کا تعلق بنگلہ دیش سے تھا اور وہ نجی سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھا۔ دیگر تین مرنےوالوں میں دو مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ ایک زخمی کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس اور ایف بی آئی نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر عمارت کو خالی کرا لیا۔ کچھ ہی دیر میں حملہ آور عمارت کی 33 ویں منزل پر مردہ حالت میں پایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے خود کو گولی مار کر خودکشی کی۔پولیس کے مطابق حملہ آور کی شناخت شین تامورا کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر 27 برس ہے اور وہ لاس ویگاس کا رہائشی تھا۔نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دیدار الاسلام کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ اپنی جان قربان کر کے دوسروں کی زندگیاں بچانے میں کامیاب ہوئے۔این وائی پی ڈی کمشنر جیسیکا ٹِش کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ آور ذہنی مسائل کا شکار تھا اور اکیلے ہی یہ کارروائی انجام دی۔

This post was originally published on VOSA.