نیویارک:گلوکار احمد جہانزیب کی پاکستان کے جشنِ آزادی کی تقریب میں لائیو پرفارمنس

 نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک میں پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔ علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے زیرِ اہتمام جشن ِ آزادی بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، معروف گلوکار احمد جہانزیب اور صومیہ خان کی گائیکی پر حاضرین جھوم اٹھے۔

علامہ اقبال کمیونٹی  سینٹر کے زیرِ اہتمام  پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کی مناسبت  سے کونی آئی لینڈ ایونیو پر منعقدہ میلے کا آغاز پر نیویارک پولیس کے چاک و چوبند  دستے سے مارچ کیا اور سلامی دی۔ تقریب کا باقائدہ آغاز تلاوتِ کلام ِ پاک اور نعتِ رسول مقبول  سے کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک تھی ۔تقریب کی  نظامت  مفتی سجاد مدنی کر رہے تھے، اس موقع پر امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے بھی  پڑھے گئے۔ حاضرین سے خطاب میں   علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے بانی چیئر مین ملک ناصر اعوان نے یومِ آزادی کی مبارکباد دی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی نے اتنی  کثیر تعداد میں شریک ہو کر یہ ثابت کر دکھایا کہ ان کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔جشنِ آزادی کی تقریب میں مشرقی ملبوسات و دیدہ زیب  جیولری کے بھی اسٹالز لگائے گئے۔ مہمانِ خصوصی نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز تقریب میں پہنچےتو انھیں گلدستے پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ یومِ آزادی کی  تقریب کے شرکاء کے لیے باربی کیو اور مختلف انواع و اقسام کے کھانوں کا بھرپور اہتمام کیا گیا تھا۔شرکاء سے خطاب میں میرایرک ایڈمز نے یومِ آزادی کی مبارکباد دی، ان کا کہناتھا کہ میرا اور پاکستانی کمیونٹی کا ساتھ دو دہائیوں پر محیط ہے، یہ تعلق مزید مضبوط ہوگا۔اس موقع پر نیویارک پولیس کے افسران، علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کی ٹیم  اور دیگر کمیونٹی شخصیات کو ان کی خدمات پر ایوارڈز اور سائیٹیشن پیش کی گئیں۔ تقریب میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار دیکھنے میں آئی اور شرکا نے بھی قومی پرچم  کے  رنگوں  کے مشابہہ ملبوسات زیب تن کر رکھے تھے،اس موقع پر بچوں نے ملی نغمہ بھی پیش کیا۔ جشن آزادی کی  تقریب میں شریک میئر آفس میں مسلم وومن لائژن آفیسر عطیہ شہنا زکا کہنا تھا کہ میئر ایرک ایڈمز کی صرف انتخابی مہم کے دوران نہیں بلکہ ہمیشہ کمیونٹی کے ساتھ رہے ہیں۔ یومِ آزادی کی تقریب میں  موسیقی کا تڑکا نہ لگے یہ تو ممکن نہیں،  مشہور گلوکار اسد علی اور صائمہ اشرف  نے ملی نغمے سنا کر حاضرین کا لہو گرمایا تو منچلے جھوم  اٹھے۔ اس میلے میں نیویارک سٹی کے  پبلک ایڈوکیٹ جمانی ولیمز اور دیگر امریکی آفیشل بھی شریک ہوئے اور اظہارِ خیال کیا۔قبل ازیں علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر  وومن  ونگ  کی صدر  روبینہ عزیز کی جانب سے مفتی سجاد مدنی کے لیے عمرے کے ٹکٹ کا اعلان کیا گیا۔ اس موقع پر افواج ِ  پاکستان کے شہداء کے  کو بھی   زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔نیویارک میں پاکستان کے نائب قونصل جنرل  عمر شیخ بھی شریک  ہوئے، حاضرین سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ  وطن سے محبت ہی پاکستانیوں کی اصل طاقت ہے۔تقریب کے اختتام سے قبل پاکستان کے معروف گلوکار احمد  جہانزیب نے  اپنی آواز کا جادو جگایا۔

This post was originally published on VOSA.