نیویارک میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند ہوگیا

نیویارک میں بھی پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کا جشن بھر پور انداز میں منایا گیا ، ویلی اسٹریم کے علاقے بینڈ شیل پر پرچم کشائی کی گئی تو فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اُٹھی۔

پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر لانگ آئی لینڈ کے علاقے ویلی اسٹریم میں بھی بھرپور جشن منایا گیا، ناساو کاونٹی پولیس کے دستے نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی دی۔تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی، شرکا کے لیے حلوی پوری کے ناشتے کا اہتمام کیاگیا، تقریب کا باقائدہ آغاز تلاوت قرانِ پاک سے ہوا جس کے بعد امریکا اور پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا۔

تقریب کی نظامت آفس ایشئن امریکن افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی کررہے تھے انھوں نے ناساو کاونٹی کی قیادت سے اظہارِ تشکر کیا اور لیجسلیٹیر کے امیدوار شہریار علی کی خدمات کو سراہا۔اس جشن کو سجانے میں ایشئن ایڈوائزری کونسل کے چیئرمین چودھری اکرم، ڈپٹی کاونٹی اٹارنی شہریار علی اور ہوسٹ کمیٹی میں شامل مجیب لودھی نے اہم کردار ادا کیا، مقررین کا کہنا تھا مقامی انتظامیہ کے تعاون کے بغیر یہ جشن ممکن نہیں تھا۔

مہمانِ خصوصی ویلی اسٹریم کے میر ایڈفیئر اور ری پبلیکن کمیٹی کے جون گریس کا کہنا تھا کہ اس جشن کے ساتھ ساتھ کامیابی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہونا چاہیے، 4 نومبر کے الیکشن میں شہریار علی کو کامیاب بنائیں۔

اس موقع پر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند ہوا تو فضاٗ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔تقریب میں شریک بچوں نے بھی اپن فن کا شاندار مظاہرہ کیا، اس موقع پر پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے سربراہان اور قائدین نے بھی شرکت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ہم اپنے لوگوں کو امریکی معاشرے میں اگے بڑھنے کے ہر ممکن مواقع فراہم کریں گے، کمیونٹی کو چاہیے وہ سیاسی عمل میں شریک رہے۔

تقریب میں نظم و ضبط، اتحاد و اتفاق اور باہمی تعاون کا زبردست عملی مظاہرہ دیکھنے میں آیا، آخر میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات اور صحافیوں کو ان کی کمیونٹی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔

This post was originally published on VOSA.