کراچی کے ساحلِ سمندر پر یومِ آزادی کا منفرد جشن

یومِ آزادی پر کراچی کے ساحل پر ایک منفرد تقریب منعقدہوئی جس میں پرچم برداری اور کیک کٹنگ کے ساتھ ساتھ بچوں نے تیر اندازی اور نشانہ بازی میں حصہ لے کر قومی جذبے اور صحت مند سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
دنیا بھر میں بچے بتدریج صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں سے دور ہوتے جا رہے ہیں، حالانکہ یہی سرگرمیاں جسمانی، ذہنی اور اخلاقی نشوونما کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی میں زوبی ماما ہارس رائڈنگ کلب کے نام سے ایک منفرد ادارہ قائم کیا گیا ہے، جو بچوں اور نوجوانوں کو گھڑ سواری، تیر اندازی اور نشانہ بازی جیسی روایتی اور مفید سرگرمیوں کی تربیت فراہم کر رہا ہے۔یہاں نہ صرف لڑکے بلکہ بڑی تعداد میں لڑکیاں بھی شریک ہوتی ہیں۔
بظاہر گھڑ سواری ایک مہنگا شوق سمجھا جاتا ہے، مگر کلب نے نہایت مناسب فیس کے ساتھ اس سہولت کو عام بچوں کی پہنچ میں لا کر نئی مثال قائم کی ہے۔ منتظمین کے مطابق ان کا مقصد منافع کمانا نہیں بلکہ نئی نسل کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔یومِ آزادی کے موقع پر کلب نے کراچی کے ساحلِ سمندر پر ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا جس میں بچوں کے ساتھ والدین نے بھی بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز صبح سویرے سی ویو کی صفائی سے ہوا، جس کے بعد گھڑ سوار دستے نے قومی پرچم کو سلامی دی اور قومی ترانہ پڑھا۔
مارچ کے دوران پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کے ساتھ ساتھ دوست ممالک کے پرچم بھی لہرائے گئے، جس سے تقریب کا منظر مزید دلکش بن گیا۔تقریب میں یومِ آزادی کا کیک کاٹا گیا، جب کہ بچوں اور نوجوانوں نے تیر اندازی اور نشانہ بازی کی مشق میں حصہ لے کر وطنِ عزیز کی حفاظت کے عزم کا اظہار کیا۔

This post was originally published on VOSA.