
نیویارک میں انجمنِ غوثیہ نے 7ستمبرکو 40ویں سالانہ جشن ِ عید میلاد النبی ﷺمنانے کا اعلان کردیا ہے۔ یہ جلوس ایونیو ایچ سے برآمد ہوکر اپنے مقررہ راستے ہوتا ہوا واپس اسی مقام پر اختتام پذیر ہوگا ۔
جشنِ عید میلا النبی کی تیاریوں کی مناسبت سے انجمنِ غوثیہ نے کونی آئی لینڈ ایونیو کے مقامی ہال میں مشاورتی اجلاس اور پریس کانفرنس کا اہتمام کیا جس کا آغاز تلاوتِ قرانِ پاک سے کیا گیا۔مشاورتی اجلاس میں انجمنِ غوثیہ کے سربراہ پیر سید صفدر حسین شاہ، جنرل سیکرٹری مشتاق نقش بندی سمیت دیگر عہدیدران، تنظیمی ممبران اور کمیونٹی کی نمایاں شخصیات شریک تھیں۔اجلاس کی نظامت شیخ اشفاق کررہے تھے۔اس موقع پر نعت خوانوں نے بارگاہ رسالتﷺ میں نذرانہ ِ عقیدت اور گلہائے عقیدت پیش کیے۔
اس موقع پر پیر سید صفدر حُسین شاہ نے جلوس کی تیاریوں،انتظامات کی تفصیل بتائی۔ انکا کہنا تھا کہ انجمن ِ غوثیہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ سرکارِ دو عالم کی ولادت باسعادت کی خوشی میں چالیس سال سے نیویارک میں میلاد النبی کا جشن مناتے آرہے ہیں۔مشاورتی اجلاس کے شرکاء نے جلوس کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز اور مشورے دیے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اس بار آقائے دو جہاں کی ولادت جشن تاریخی انداز میں منائیں گے،شہر بھر میں جہاں بھی جلوس منعقد ہوں اس میں بھرپور نظم و ضبط کے ساتھ شریک ہوں۔
اس موقع پر قصیدہ بردہ شریف اور مزید نعتیہ کلام بھی پڑھے گئے جس نے تقریب میں سماں باندھ دیا۔اجلاس میں شریک مقررین نے یہ پیغام دیا کہ جلوس کے شرکا وقت کی پابندی کے سا تھ ساتھ نظم و ضبط پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنائیں اور بھر انداز میں شرکت کرکے اپنے دلوں کو سرکارِ دو عالم کے ذکر اوردرود و سلام سے منور کریں۔
واضح رہے کہ جلوس سات ستمبر بروز اتوار صبح 10 بجے ایونیو ایچ سے شروع ہونے والے جلوس کے شرکا کے لیے ناشتہ کے اہتمام کے ساتھ جلوس کی گزر گاہوں پر نذرو نیاز کا بھی اہتمام ہوگا۔
This post was originally published on VOSA.