نیویارک: ٹرینیٹی چرچ میں پاکستان کے باوفا ہیروز کو خراجِ تحسین

نیویارک میں پاکستان  کے  جشنِ آزادی اور قوم کے عظیم سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے ٹرینیٹی چرچ میں  ایک خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا گیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام اکائیاں مکمل آزادی کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں ۔

نیویارک  میں  ہولی  ٹری نیٹی  چرچ  میں میں کونسل آف پاک یو ایس ریلیشن، اوورسیز پاکستانی  گلوبل فاؤنڈیشن اور پاکستان  کرسچن ایسو سی  ایشن آف یو ایس اے  کے زیر اہتمام   یومِ آزادی اور قوم کے عظیم سپوتوں کو خراج ِ تحسین پیش کرنے  کے لیے پاکستان کے  باوفا ہیروز کی میراث کے عنوان سے ملی جوش و جذبے سے بھرپور تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی ابتداء  پرور دگار کے بابرکت کلام سے ہوئی۔

 کونسل آف  پاکستان یو ایس ریلیشن کے بانی  ذیشان حامد نے تقریب کی نظامت کرتے ہوئے مہمانوں کا تعارف کرایا اور خیر مقدم کیا۔انھوں نے بانیِ پاکستان  قائدِ اعظم  محمد علی جناح کی تقریرکا حوالہ دیتے ہوئے کہا تمام اکائیاں  برابر ہیں اور انھیں یکساں حقوق  بھی حاصل ہیں۔۔

تقریب میں سیاسی، سماجی اورکاروباری حلقوں سمیت مختلف مکاتب فکر کے افراد  بڑی تعداد میں شریک ہوئے، اس موقع پر او پی جی ایف کے  چیئر مین ظہیر مہر، کرسچن ایسو سی ایشن کے جیمز سیپرن ،ولیم شہزاداور دیگر کا کہنا تھا کہ آزادی وہ نعمت ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں، دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کی زمہ داری ہے کہ و ہ اپنے ملک کا نام روشن کریں۔

اس موقع پر خواتین نے بھی اپنےخیالات کا اظہار کیا۔ مقررین کا کہنا  تھا کہ فاطمہ جناح  نے قائد اعظم کے ساتھ  تحریکِ  پاکستان کی پوری  جدوجہد میں شریک سفر رہ کر یہ پیغام دیا کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ  رہ کر اپنا  کلیدی کردار ادا کرسکتی ہیں ۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں  تمام اکائیوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے،ہمیں اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے ۔تقریب کے اختتام پر  ملی نغمے بھی گائے گئے اور وطنِ عزیز کی ترقی وخوشحالی، استحکام اور  روشن مستقبل کے لیے دعا بھی کی گئی ۔

This post was originally published on VOSA.