نیویارک: ہزاروں نئے اساتذہ کی بھرتی، تاریخ کی بڑی بھرتیوں میں سے ایک

نیویارک سٹی میں  3,700 نئے اساتذہ کی بھرتیوں کا عمل شروع کردیا گیا۔تاکہ کلاسوں کا حجم 20 سے 25 طلبہ تک محدود کیا جا سکے۔

نیویارک سٹی کے ہزاروں نئے اساتذہ بروکلین کے بارکلیز سینٹر میں ایک بڑے تعارفی اجلاس کے لیے جمع ہوئے، جو شہر کی تاریخ کی سب سے بڑی تعلیمی بھرتیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔ اس سال محکمہ تعلیم کا ہدف نہ صرف 4 سے 5 ہزار اساتذہ کی خالی نشستیں پُر کرنا ہے بلکہ ریاستی قانون کے مطابق مزید 3,700 نئے اساتذہ بھرتی کرنا بھی ہے تاکہ کلاسوں کا حجم 20 سے 25 طلبہ تک محدود کیا جا سکے۔محکمہ تعلیم کے چیف ٹیلنٹ آفیسر پیٹرک فیگن کے مطابق تقریب میں تقریباً 3,500 سے 4,000 نئے اساتذہ شریک ہوئے۔ یونائیٹڈ فیڈریشن آف ٹیچرز کے صدر مائیکل ملگرو نے کہا کہ اس بھرتی مہم سے اسکولوں میں آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والے تعلیمی سال کے لیے 60 فیصد کلاسز کو مقررہ حد میں لایا جا سکے گا۔اس موقع پر اساتذہ کو نئے ریاستی قانون کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جس کے تحت تعلیمی سال سے طلبہ کے لیے اسکول کے اوقات میں موبائل فون استعمال کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ ملگرو نے کہا کہ یہ نئے اساتذہ کے لیے سب سے پہلا انتظامی چیلنج ہوگا تاہم اس اقدام سے کلاس میں توجہ اور کارکردگی بہتر ہونے کی توقع ہے۔چانسلر میلیسا اویلیس-راموس نے کہا کہ وہ تعلیمی نظام میں استحکام کے ساتھ ساتھ ریاضی اور خواندگی کے نصاب کی بہتری پر توجہ مرکوز کر رہی ہیں تاکہ اساتذہ کو تدریسی عمل پر زیادہ وقت دینے کا موقع ملے۔ ان کے مطابق نئے اساتذہ کو نصاب تیار کرنے کے بجائے بچوں کی تعلیم اور معاونت پر توجہ دینی چاہیے۔

This post was originally published on VOSA.