ٹرمپ نے کملا ہیرس کی سیکرٹ سروس سیکیورٹی منسوخ کردی

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق نائب صدر کملا ہیرس کی سیکرٹ سروس سیکیورٹی منسوخ کردی ہے، جو صدر جو بائیڈن کے خفیہ حکم نامے کے تحت ایک سال کے لیے بڑھائی گئی تھی۔ 

امریکی قانون کے مطابق سابق نائب صدر کو عہدہ چھوڑنے کے بعد چھ ماہ تک سیکیورٹی دی جاتی ہے، جو ہیرس کے لیے 21 جولائی کو ختم ہو گئی تھی۔ تاہم بائیڈن نے اپنے دور صدارت کے آخری دنوں میں اسے غیر اعلانیہ طور پر ایک سال مزید بڑھا دیا تھا۔یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ہیرس اپنی نئی کتاب 107 ڈیز کی تشہیری مہم پر نکلنے والی ہیں، جس میں وہ اپنی مختصر صدارتی مہم کی کہانی بیان کر رہی ہیں۔ ہیرس کے قریبی ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی کی منسوخی سے انہیں نہ صرف ذاتی تحفظ کا خطرہ لاحق ہوگا بلکہ وہ مسلسل انٹیلی جنس اور دھمکیوں سے متعلق خبروں تک رسائی سے بھی محروم ہو جائیں گی۔کمالا ہیرس کے مشیروں نے سیکرٹ سروس کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے، جبکہ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزم اور لاس اینجلس کی میئر کیرن باس نے اس اقدام کو خطرناک اور سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سابق نائب صدر کی سلامتی کو سیاست کا نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

This post was originally published on VOSA.