
سرکارِ دو عالم ﷺکی ولادتِ باسعادت منانے کے لیے نیویارک میں جشنِ عید میلاد النبی کا آغاز ہوگیا۔ علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر اور انٹرنیشنل میلاد کونسل کے زیر اہتمام بروکلین عیدمیلاالنبی کا جلوس برآمد ہوا۔فضائیں دردو سلام سے معطر ہو گئیں۔
انٹر نیشنل میلاد کونسل اور علامہ اقبال کمیونٹی نے جشنِ عید میلاد النبی کی مناسبت سے سالانہ جلوس کا اہتمام کیاجس میں شرکت کے لیے نیویارک کے مختلف علاقوں سے عاشقانِ مصطفیٰ،طیبہ اسلامک سینٹر پر جمع ہوئے ،تلاوتِ کلامِ پاک سے اس بابرکت محفل کا آغاز کیا گیا۔تقریب کی نظامت علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے مفتی سجاد مدنی کررہے تھے جنھوں نے شرکاء کی آمد پر ان کا خیرمقدم کیا۔ بعدازاں معروف نعت خوانوں نے بارگاہِ رسالتﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
جلوس کے منتظمین نےابتداء میں شرکاء کے لیے طیبہ اسلامک سینٹر پر ناشتے کا بھرپور اہتمام کیا۔جلوس میں آنے والے مہمانوں کا استقبال کیا جاتا رہا اور انھیں گلدستے بھی پیش کیے گئے۔ میلاد النبی کا جلوس اپنے مقررہ وقت پر طیبہ اسلامک سینٹر سے کار ریلی کی صورت میں روانہ ہوا ۔جلوس میں بیت اللہ اور مدینہ منورہ کی شبیہہ پر مبنی خوبصورت فلوٹس میں شامل رہے۔ کار ریلی ایونیو ایچ تک پہنچنے کے بعد علماء کرام ، مشائخ ِ عظام اور نعت خوانوں نے علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر تک پیدل مارچ کیا۔ اس موقع پر فضائیں درو د و سلام سے مہکتی رہیں۔
جلوس میں عاشقاِنِ مصطفیٰ کی کثیر تعداد شریک تھی۔شرکاء سے خطاب میں علامہ کمیونٹی سینٹر کےروحِ رواں ملک ناصر اعوان علماِ کرام اور نعت خوانوں سمیت تمام مہمانوں اور شرکا سے اظہارِ تشکر کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ سینٹر کے لیے دو ہال لیے ہیں، چاہتے ہیں نوجوانوں کی بہتر تربیت و رہنمائی کی جائے ۔علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر پر جلوس پہنچ کر ایک مکمل جلسے کی شکل اختیار کر گیا جہاں علما کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروردگار اپنے محبوب سے وعدہ ہے کہ ہر زمانے میں میرے نبی کا ذکر بلند رہے گا۔
اس دوران مختلف نعت خوانوں نے سرورِ کونین کی مدحت میں مختلف کلام حاضرین کی سماعتوں کی نذر کیے اور اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔اس موقع پر جلوس میں شریک دیگر علماء کرام نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ میلاد النبی منانے کی سعادت ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتی۔جلوس کے دوران فضائیں درودو سلام اور نعروں سے گونجتی رہیں۔شرکاء ِجلوس میلادالنبی کی مناسبت سے ہاتھوں میں سبز پرچم بھی لہرارہے تھے۔مشہور و معروف نعت خوان بارگاہِ رسالت میں تو نذرانہِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا اس روئے زمین پر کوئی خطہ ایسا نہیں جہاں سرکارِ دو عالم کی آمد کا جشن نہ منایا جاتا ہو۔ہم خوش نصیب ہیں کہ رحمت اللعاالمین کی ولادت کی خوشی منانے والوں میں شامل ہیں ۔جلوس کے اختتام سے قبل رحمت اللعالمین کی بارگاہ میں درودو سلام بھیجا گیا۔جلوس کے منتظمین علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے روحِ رواں ملک ناصر اعوان نے نیویارک پولیس کے افسران کی خدمات کو سراہا اور اظہارِ تشکر کیا۔جلوس کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی ترقی و خوشحالی اور کامیابی کے لیے دعا بھی کروائی گئی ۔
This post was originally published on VOSA.