جارجیا میں آئی سی ای کا چھاپہ، 475 افراد گرفتار

آئی سی ای نے ریاست جارجیا میں ہنڈائی موٹر گروپ کے مینوفیکچرنگ پلانٹ پر چھاپہ مار کر 475 افراد کو حراست میں لے لیا، جن میں زیادہ تر جنوبی کوریا کے شہری شامل ہیں۔ 

حکام کے مطابق یہ کارروائی غیرقانونی بھرتیوں کی طویل تحقیقات کے بعد کی گئی اور یہ ادارے کی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی قرار دی گئی۔چھاپہ ہنڈائی اور ایل جی انرجی سلوشن کے بیٹری پلانٹ کی تعمیراتی سائٹ پر مارا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ کچھ افراد غیرقانونی طور پر سرحد پار کر کے آئے تھے جبکہ کئی کے ویزے ختم ہو چکے تھے یا وہ ایسے ویزے پر آئے تھے جس پر کام کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ زیادہ تر حراست میں لیے گئے افراد کو جارجیا کے امیگریشن حراستی مرکز منتقل کیا گیا ہے۔جنوبی کوریا نے اس کارروائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے شہریوں کے حقوق متاثر نہ ہوں۔ وزارتِ خارجہ نے واشنگٹن اور اٹلانٹا سے اپنے سفارت کاروں کو فوری طور پر متاثرہ علاقے بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب ہنڈائی کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کمپنی کے براہِ راست ملازم نہیں اور ادارہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے۔

This post was originally published on VOSA.