
ماہ ِ ربیع الاول کی مناسبت سے امریکا میں میلاد النبی کی محاٖفل کا سلسلہ جاری ہے۔ نیویارک میں فاطمہ مسجد سے جشنِ عید میلاالنبی کا جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس اسی مسجد پر اختتام پذیر ہوگیا۔
آقائے دوجہاں ، سرورِ کونین کی کائنات میں آمد کا جشن منانے کے لیے نیویارک میں واقع فاطمہ مسجد نےجلو س کا اہتمام کیاجہاں عاشقانِ مصطفیٰ کے لیے نذرو نیاز سے ناشتے کا بھرپور اہتمام کیا گیا، اس موقع پر فاطمہ مسجد کے پیش امام پیر سید شفقت شاہ نے نیاز دی اور دعا کروائی۔ بعد ازاں پیر سید شفقت شاہ اور دیگر علما کرام کی قیادت میں ہیمپسٹیڈ سے عید میلاد النبی کا جلوس درو دو سلام پڑھتے ہوئے شروع ہوا۔اس موقع پر معروف نعت خواں اصغر چشتی، محمد حسنین، محمد شعیب قادری، محمد رفیق قادری، فیض رسول او رمحمد عمیر نے بارگاہ رسالت میں اپنے اپنے انداز میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ جلوس میں نوجوان ، مرد و خواتین، بزرگوں اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔جلوس کی نظامت مفتی سجاد مدنی کر رہے تھے جبکہ علامہ محمد اشتیاق سیالوی آف گجرات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ علما کرام نے سیرت النبی پر روشنی ڈالی اور ہدیہ تبریک پیش کیا۔ناساو کاونٹی ایگزیکٹیو بروس بلیک مین کے سینئر ایڈوائزر چوہدری اکرم نے فاطمہ مسجد انتظامیہ کو جلوس کااجازت نامہ دلوانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا جبکہ ایشئن امریکن افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی نے جلوس اور شرکا کی سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا۔عید میلاد النبی کا جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا فاطمہ مسجد ایلمونٹ پر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر نمازِ ظہر ادا کی گئی اور شرکا کے لیے لنگر کا اہتمام کیا گیا۔
This post was originally published on VOSA.