
شکاگو کے مرکزی علاقے میں واقع گورنر رچرڈ بی اوگلوی آڈیٹوریم میں یکم نومبر 2025 کو اوپن شکاگو کی سالانہ کانفرنس کا کامیاب انعقاد ہوا، جس میں پاکستانی امریکی پیشہ ور افراد، کاروباری رہنما، طلباء بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
اس سال کا موضوع "آئیڈیاز ٹو امپیکٹ” تھا، جس کا مقصد پاکستانی نژاد امریکی رہنماؤں اور نئی نسل کے درمیان رہنمائی اور تعاون کو فروغ دینا تھا۔کانفرنس کا اہتمام ایگزیکٹو کمیٹی نے کیا، جس میں عامر چلیسا، بابر راٹھور، حارث احمد، نادیہ کمال، آصف حسین، اور سعدیہ رمشا شامل تھے۔ تقریب میں ٹیکنالوجی، صحت، صحافت، اور کاروبار کے مختلف شعبوں سے نامور شخصیات نے شرکت کی، جن میں طارق خان، خان صدیقی، عائشہ تنظیم اور نوید شیروانی نمایاں تھے۔پینل مباحثوں میں "ہیلتھ کیئر اینڈ اے آئی” اور "بلڈنگ برجز فار گروتھ” جیسے موضوعات پر گفتگو ہوئی، جن میں تجربہ کار رہنماؤں اور نوجوان ماہرین نے جدت، قیادت اور کمیونٹی کی ترقی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایک اہم حصہ "Pitch@OPEN” مقابلہ تھا، جس میں ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپس نے اپنی تخلیقی منصوبے پیش کیے۔ لینا ال اباسی کی قیادت میں "Divurgent” نے پہلا انعام حاصل کیا اور 5,000 ڈالر کی نقد رقم جیتی۔تقریب میں 150 سے زائد شرکاء نے شرکت کی، جو مختلف صنعتوں اور تنظیموں کی نمائندگی کر رہے تھے۔ چیئرمین عامر چلیسا اور صدر بابر راٹھور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوپن شکاگو پاکستانی نژاد امریکیوں کو عالمی سطح پر بااختیار بنانے، قیادت اور انٹرپرینیورشپ کے مواقع پیدا کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل زمان مہدی اور ڈپٹی قونصل جنرل سعید علی نے بھی شرکت کی اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
This post was originally published on VOSA.