
امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئیز وِل میں یو پی ایس کارگو طیارہ روانگی کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ حکام کے مطابق حادثے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
فیڈرل ایوی ایشن انتظامیہ کے مطابق طیارہ شام تقریباً 5 بج کر 15 منٹ پر لوئیز وِل محمد علی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہونولولو کے لیے روانہ ہوا تھا۔نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے رکن جے ٹاڈ انمین کے مطابق، پرواز کے دوران طیارے کے بائیں بازو میں اچانک آگ لگ گئی اور ایک انجن علیحدہ ہو کر گر گیا، جس کے بعد طیارہ زمین سے ٹکرا کر دھماکے سے پھٹ گیا۔ حادثے کے ملبے کا علاقہ تقریباً آدھے میل تک پھیلا ہوا ہے، جب کہ انجن ایئرپورٹ کے قریب سے برآمد کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ تباہ ہونے والا طیارہ 1991 میں تیار کردہ میکڈونل ڈگلس ایم ڈی-11 ماڈل تھا۔حادثے کے نتیجے میں طیارہ یو پی ایس کے عالمی ایوی ایشن مرکز “ورلڈپورٹ” پر گرا، جس سے قریبی عمارتوں اور کاروباری مراکز میں آگ لگ گئی۔ متاثرہ عمارتوں میں کینٹکی پیٹرولیم ری سائیکلنگ فیکٹری اور ایک آٹو پارٹس یارڈ شامل ہیں۔ گورنر اینڈی بیشیئر نے تصدیق کی کہ جاں بحق ہونے والوں میں وہ بچہ بھی شامل تھا جو اسی پارٹس یارڈ میں موجود تھا۔عینی شاہدین کے مطابق، دھماکے کے بعد آگ کے شعلے آسمان تک بلند ہو گئے۔ قریبی ریسٹورنٹ میں موجود لوگوں نے بتایا کہ تین زور دار دھماکوں سے عمارت لرز اٹھی، تاہم خوش قسمتی سے وہاں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ مقامی اسپتال کے مطابق دو افراد تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں، جب کہ 18 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ابتدائی تفتیش میں ماہرین کا کہنا ہے کہ حادثے کی ممکنہ وجوہات میں فیول لائن کا پھٹنا یا انجن کے ڈھیلے ہونے کے باعث ایندھن کا اخراج شامل ہو سکتا ہے۔
This post was originally published on VOSA.